بیلتھنگڈی 17؍اکتوبر (ایس او نیوز)اپنے جواں سال بیٹے کی موت سے غم زدگی اور ذہنی ہیجان کا شکار رہنے والے میاں بیوی کی طرف سے پھانسی لگاکر خود کشی کرلینے کا واقعہ بیلتھنگڈی کے دھرمستھلا دیہات میں پیش آیا ہے۔
اطلاع کے مطابق کچھ عرصے قبل جوان بیٹے کی موت کے بعد بابو(65سال) اور کملا (62سال) نے اپنا گھر ویران چھوڑ دیا تھا اور اپنی بیٹی کے ساتھ رہنے لگے تھے۔اوروہ ہمیشہ اپنے بیٹے کو یاد کرکے رنجیدہ ہوجاتے تھے۔ 15ستمبر کو صبح کے وقت دونوں بیٹی کے گھر سے باہر نکلے تو پھر شام تک واپس نہیں لوٹے۔ جب لوگ ان کی تلاش میں نکلے توجوڈوستھان نامی مقام پر ان کے اپنے گھر کے قریب دونوں کی لاشیں ایک درخت سے لٹکتی ہوئی ملیں۔ گلے میں پھندا ڈالنے کے لئے انہوں نے ایک ساڑی استعمال کی تھی۔سمجھا جارہا ہے کہ جواں سال بیٹے کو کھونے کا غم ان کے لئے ناقابل برداشت ہوگیا تھا اس لئے انہوں نے اس قسم کا انتہائی قدم اٹھایا ہوگا۔پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔